اسلام آباد (ذیشان یوسفزئی) کسانوں کے لئے خوشخبری، یوریا لیکر پہلا بحری کارگوجہاز آذربائیجان سے کراچی پہنچ گیا، بحری جہاز کراچی کی بندر گاہ پر گزشتہ شب لنگر انداز ہوا، بحری جہاز سے یوریا کھاد اتارنے کا عمل شروع ہوچکا ہے۔
نگران وفاقی وزیر تجارت گوہر اعجاز نے یوریا کا پہلا بحری جہاز پہنچنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کسانوں اور خوراک کی حفاظت پر توجہ دیتی رہے گی، کھاد کی بروقت درآمد، حکومتی کوششوں سے ہی ممکن ہوئی، ربیع سیزن کی بوائی کے دوران کسانوں کے لئے یوریا کی بلاتعطل دستیابی کو یقینی بنائیں گے۔
گوہر اعجاز نے مزید کہا کہ کسانوں کی کاشت کے متعلق تمام ضروریات کو یقینی بنائیں گے، تمام پاکستانیوں کے خوشحال مستقبل کی تعمیر کا سلسلہ جاری رہے گا، یہ درآمد فعال حکومتی کوششوں سے ممکن ہوئی، ہمارے لئے فوڈ سکیورٹی بہت اہم ہے، فوڈ سکیورٹی پاکستان کے زرعی شعبے کی پائیدار ترقی کے لئے حکومت کے عزم کو واضح کرتا ہے۔
نگران وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ جی ٹو جی ایگریمنٹ کے تحت یوریا کا پہلا جہاز آیا ہے، اس کے بعد بھی یوریا کے درآمد کا سلسلہ جاری رہے گا، اس سے پہلے ملک میں یوریا کی قلت پیدا کی گئی تھی جس سے بلیک مارکیٹ میں فائدہ اٹھایا جارہا تھا اور ملک بھر کے کسان سراپا احتجاج تھے۔