اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے یوتھ پروگرام کے تحت قرضہ جات کی تقسیم میں انتہائی ذمہ داری اور احتیاط سے کام لینے کی ہدایت کر دی۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت وزیراعظم یوتھ پروگرام کا جائزہ اجلاس ہوا، انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ نوجوان نسل قوم کا مستقبل ہے، نوجوانوں کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
نگران وزیراعظم نے ہدایت کی کہ خیبرپختونخوا کے ضم اضلاع کے نوجوانوں کو پی ایم یوتھ سکیمز میں خصوصی اہمیت اور توجہ دی جائے، سکل ڈویلپمنٹ سکیمز کے حوالے سے ایسی حکمت عملی ترتیب دی جائے جس سے مطلوبہ نتائج کا حصول ممکن ہو سکے۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ سکل ڈویلپمنٹ کے حوالے سے ماسٹر ٹرینرز کے لئے بھی تربیتی پروگرامز شروع کئے جائیں تاکہ ان کی صلاحیت میں اضافہ ہو سکے اور وہ دیگر لوگوں کو بھی معیاری تربیت دے سکیں۔