مصر اور شمالی افریقہ سے باہمی تجارت بڑھانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں: گوہر اعجاز

Published On 09 January,2024 06:48 pm

قاہرہ: (دنیا نیوز) نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز نے کہا کہ پاکستان مصر اور شمالی افریقہ کے ممالک کے ساتھ باہمی تجارت بڑھانے کیلئے اقدامات کر رہا ہے۔

مصر کے شہر قاہرہ میں پاکستان افریقہ ٹریڈ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز نے کہا کہ پاکستان معاشی طور پر ٹیک آف کرنے کیلئے تیار ہے، پاکستان کی معیشت کو ایک ہزار ارب ڈالرز تک پہنچانا مشن ہے۔

گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ پاکستان کی برآمدات کو 100 ارب ڈالرز کرنے کا پلان ہے، پاکستان، مصر اور شمالی افریقہ میں مہنگائی بہت بڑا مسئلہ ہے، پاکستان اب زراعت پر توجہ مرکوز کر رہا ہے، پاکستان میں لاکھوں ایکڑ رقبہ کارپوریٹ فارمنگ کیلئے مختص کیا جا رہا ہے۔

نگران وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان گندم، سویا بین، تل سمیت کئی زرعی اجناس پیدا کرے گا، پاکستان لائیو سٹاک کے شعبے کو ترقی دے رہا ہے، پاکستان میں گوشت کی برآمدات کو بڑھانے کیلئے سلاٹر ہاؤس قائم کیے جا رہے ہیں۔

گوہر اعجاز نے کہا کہ پاکستان جی سی سی ممالک کے ساتھ آزادانہ تجارت کا معاہدہ کر رہا ہے، پاکستان پہلا ملک ہے جو خلیجی ممالک کے ساتھ آزادانہ تجارت کا معاہدہ کر رہا ہے، پاکستان نے وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ ترجیحی تجارتی معاہدے کئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی متحدہ عرب امارات کو 2 ارب ڈالر کا قرض رول اوور کرنے کی درخواست

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے چین کے ساتھ آزادانہ تجارت کا معاہدہ کیا ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کا بہترین موقع ہے، مصری سرمایہ کار پاکستان کو اپنی مصنوعات برآمد کر سکتے ہیں۔

گوہر اعجاز کا کہنا تھا کہ پاکستان اور مصر ایک جیسی مصنوعات تیار کر رہے ہیں، مسلم ممالک مل کر معاشی طاقت بن سکتے ہیں، مسلم ممالک مشترکہ تجارت کے ذریعے لوگوں کو ترقی دے سکتے ہیں۔