اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ نے ایک نئی بین الوزارتی کمیٹی تشکیل دے دی۔
کمیٹی فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ری اسٹرکچرنگ کے لیے 4 روز کی محدود ڈیڈ لائن کے اندر حتمی سفارشات پیش کرے گی تاکہ مختلف ٹیکس گروپس کے درمیان فرق کو کم کیا جاسکے۔
مجوزہ اصلاحات نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر کی زیر قیادت ایک منتخب گروپ کے ساتھ کی جانے والی مشاورت کے دوران تیار کی گئیں۔
ذرائع نے بتایا کہ تیار شدہ منصوبوں کی نگرانی کے لیے نئے وزیر کا انتخاب کرنے کے بجائے وفاقی کابینہ نے شمشاد اختر کو ہی بین الوزارتی کمیٹی کی سربراہ تعینات کیا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ٹیکس حکام پہلے ہی نگران وزیر خزانہ کی جانب سے "ٹیکس ایڈمنسٹریٹو میکانزم" کی جانچ پڑتال میں عجلت اور مخصوص مداخلت پر تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔