اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس: مختلف منصوبوں کیلئے گرانٹس منظور

Published On 01 February,2024 10:55 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت خزانہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے اجلاس کے دوران ملک بھر میں مختلف منصوبوں کیلئے گرانٹس کی منظوری دے دی۔

نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ای سی سی نے وزارت ہوا بازی کیلئے 50 کروڑ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ سمیت خیبر پختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کیلئے بھی گرانٹ منظور کرلی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں لاہور میں صاف پانی پراجیکٹ کیلئے ڈیڑھ ارب روپے اور وزارت تعلیم و تربیت کیلئے 7ارب 15 کروڑ روپے ، وزارت ہاؤسنگ کیلئے 39 کروڑ 96 لاکھ روپے کی گرانٹ کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کو ملک میں گندم کے ذخائر اور طلب پر بریفنگ دی گئی، گلگت بلتستان میں سستے داموں گندم کی فراہمی کی سمری  بھی منظور کرلی گئی۔

ساتویں مردم شماری کی مد میں 4 ارب روپے کی تکنیکی گرانٹ اور وزارت توانائی کی فنانسنگ ریٹ سے متعلق سمری بھی منظور کرلی گئی۔