اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیپرا نے ملک میں بجلی کے ترسیلی نظام کے متعلق سالانہ رپورٹ جاری کر دی، رپورٹ میں این ٹی ڈی سی، کے الیکٹرک، سندھ ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کے سسٹم پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق این ٹی ڈی سی کے سسٹم میں جون 2022 سے 2023 تک 2 جان لیوا حادثات اور ایک زخمی ہونے کا واقعہ ہوا، کے الیکٹرک کی حدود میں 13 حادثات پیش آئے، کے الیکٹرک کی حدود میں 7 جان لیوا حادثات رونما ہوئے۔
این ٹی ڈی سی کے سسٹم میں بجلی سپلائی کی معطلی کے 55 واقعات سامنے آئے، بجلی سپلائی کی معطلی سے ایک ارب 24 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، سسٹم میں مستقل خرابیوں کو دور کرنے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، سسٹم کی خرابیوں کی وجہ سے مہنگی بجلی پیدا کرنا پڑتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بجلی کے بڑے ٹاورز گرنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، ایک سال میں این ٹی ڈی سی کے 46 ٹاورز گرنے کے واقعات سامنے آئے، بڑے ٹاورز سے بجلی کے آلات چوری ہونے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، بجلی آلات چوری ہونے سے ٹاورز گرنے کے واقعات ہوتے ہیں۔
این ٹی ڈی سی سسٹم میں توانائی کو استعمال میں نہ لانے میں سو فیصد اضافہ ہوا، این ٹی ڈی سی میں فریکوئنسی اپنی مقررہ حد سے 15 دفعہ تجاوز کرگئی، ایک دفعہ 102 منٹ کیلئے فریکوئنسی اپنی مقررہ حد سے تجاوز میں رہی۔
رپورٹ کے مطابق سندھ ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی میں 7 بار بجلی کی معطلی سامنے آئی، سندھ ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی میں فریکوئنسی اپنی حد سے 4 دفعہ تجاوز کر گئی۔