اقتصادی رابطہ کمیٹی نے رمضان میں سبسڈی کی منظوری دے دی

Published On 13 February,2024 09:59 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کے زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، ای سی سی نے ماہ رمضان کے دوران سبسڈی کی منظوری دے دی۔

وزارت خزانہ کے مطابق ماہ رمضان کیلئے 7 ارب 49 کروڑ 27 لاکھ روپے کی سبسڈی دی جائے گی جو اشیائے ضروریہ کیلئے ہو گی۔

اجلاس میں درآمدی یوریا کھاد پر وفاق کے حصے کی سبسڈی کی رقم بھی منظور کی گئی، وفاق اور صوبے درآمدی یوریا پر 50/50 فیصد شیئرنگ کے تحت سبسڈی دیں گے۔

وزارت خزانہ کے مطابق 1263 میگاواٹ کے تھرمل پاور پلانٹ کی کمیشننگ کی بھی منظوری دے دی گئی، ای سی سی اجلاس میں شماریات بیورو نے مہنگائی پر رپورٹ پیش کر دی۔