لاہور:(دنیانیوز) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین کا کہنا ہے کہ صنعتی مراکز کو حقیقی معنوں میں سرمایہ کاری کے حب بنائیں گے۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے ٹیوٹا سیکرٹریٹ کا دورہ کیا ، سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ اور ضلعی اداروں کے سربراہان نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دی۔
شافع حسین کا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انڈسٹری سیکٹر معیشت کا اہم حصہ ہے، انڈسٹریز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گےاور صنعتی مراکز کو حقیقی معنوں میں سرمایہ کاری کے حب بنائیں گے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم نئی سرمایہ کاری لانے کیلئے ایک ٹیم کے طورپر کام کریں گے، سولر پینلز کی مقامی سطح پر تیاری کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، مہنگائی کی روک تھام کیلئے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو پوری طرح متحرک کیا جائے گا۔
شافع حسین کا کہنا تھا کہ اشیائے ضروریہ کی دستیابی یقینی بنا کر قیمتوں میں کمی لائی جائے گی، مڈل مین کا کردار ختم کر کے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں نیچے لائیں گے، رمضان و ماڈل بازاروں کو حقیقی معنوں میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کا ذریعہ بنائیں گے۔
انہوں نے ٹیوٹا کے اداروں میں لینگویج کورسز کا اہتمام کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹریل سیکٹر میں بڑی وسعت ہے، محنت سے کام کر کے نتائج دینا ہوں گے۔
صوبائی وزیر نے رمضان کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور رمضان پیکیج، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی مانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ لیا، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری صنعت و تجارت،ڈی جی انڈسٹریز اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
ڈی جی انڈسٹریز نے رمضان کنٹرول روم کی ورکنگ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ رمضان ریلیف پیکیج کے تحت مستحق خاندانوں کو ان کی دہلیز پر راشن فراہم کیا جا رہا ہے۔
صوبائی وزیرصنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے فوڈ پیکیج تقسیم کرنے والی ٹیموں کی تعداد بڑھانے کا حکم دیا۔