اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارت برائے توانائی (پاور ڈویژن) کی ہدایات پر نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی) نے عیدالفطر پر ملک بھر میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
این ٹی ڈی سی کے ترجمان کے مطابق نیشنل پاور کنٹرول سینٹر اور بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھنے کے لئے ایک سینٹرل کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جو عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران 24 گھنٹے کام کرے گا۔
ترجمان کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اسلام آباد، ملتان اور حیدرآباد میں ریجنل کنٹرول رومز بھی قائم کئے گئے ہیں، تمام کنٹرول رومز ویڈیو لنک کے ذریعے ایک دوسرے سے رابطے میں رہیں گے۔
ملک بھر میں این ٹی ڈی سی گرڈ سٹیشنز یا ٹرانسمیشن لائنز میں کسی بھی خرابی کی صورت میں فوری ردعمل کے لئے ایسٹ مینجمنٹ (نارتھ) اور (ساؤتھ) کی ٹیمیں بھی تشکیل دیدی گئی ہیں۔ تمام ذمہ دار افسران عید الفطر کی تعطیلات کے دوران ہمہ وقت متعلقہ گرڈ سٹیشنز پر موجود رہیں گے۔