عوام کو ریلیف، راولپنڈی میں ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی

Published On 23 May,2024 01:37 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد راولپنڈی میں ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی کمی کر دی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے ٹرانسپورٹرز سے مشاورت کے بعد ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے تحت اربن روٹس پر ٹرانسپورٹ کرایوں میں 5 سے 15 روپے کم کر دیئے ہیں، چار کلو میٹر تک کرایہ 40 سے کم کر کے 35 روپے کر دیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 14 کلو میٹر تک کے مختلف سٹاپ پر کرایہ پانچ روپے کم ہوا، 14 سے 30 کلو میٹر تک کے مختلف سٹاپ پر کرایے میں 10 روپے فی سٹاپ، 30 کلو میٹر سے زائد کے کرایہ میں 15 روپے کی کمی کر دی گئی۔

سیکرٹری آر ٹی اے نے بتایا ہے کہ نئے کرایہ نامہ پر عملدرآمد شروع کر دیا، خلاف ورزی پر کارروائی ہو گی، مسافر کرایہ نامہ کے مطابق ادائیگی کریں۔