گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ میں بدنام زمانہ منشیات فروش کو گرفتار کر کے چھوڑنے پر انچارج چوکی اور کانسٹیبل کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق انچارج چوکی جنڈیالہ باغ والا محمد اقبال اور کانسٹیبل عمر شیراز نے سابقہ ریکارڈ یافتہ منشیات فروش جاوید عرف جیدا امرت سریا کو گرفتار کر کے چھوڑا تھا جس کا سی پی او محمد ایاز سلیم نے نوٹس لیکر انکوائری کا حکم دیا تھا۔
انکوائری رپورٹ میں الزام ثابت ہونے پر دونوں قصور وار پائے گئے، سی پی او گوجرانوالہ محمد ایاز سلیم نے انچارج چوکی اور کانسٹیبل کو تھانہ صدر کی حوالات میں بند کروا کر مقدمہ بھی درج کروا دیا ہے۔
سی پی او نے کہا کہ محکمہ کی بدنامی کا باعث بننے والے ملازمین کیلئے پولیس میں کوئی جگہ نہیں، منشیات فروشوں کی پشت پناہی اور رشوت خوری میں ملوث کالی بھیڑوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔