لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب پولیس نے انٹرپول کے ذریعے کارروائی کر کے سیالکوٹ سے اغوا ہونے والی ڈیڑھ سالہ بچی کو دبئی سے بحفاظت بازیاب کروا کر خاتون کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق مجرمہ محمودہ اختر ڈیڑھ سالہ بچی میرب جاوید کو سیالکوٹ سے اغوا کر کے دبئی فرار ہو گئی تھی، پنجاب پولیس نے مجرمہ کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے ریڈ نوٹسز جاری کروائے اور مسلسل فالو اپ جاری رکھتے ہوئے اسے گرفتار کر کے بچی کو بھی بحفاظت بازیاب کروا لیا ہے۔
دوسری جانب پنجاب پولیس نے ایک اور اشتہاری کو بھی دبئی سے حراست میں لیا ہے، ملزم گجرات کی حدود میں شہری کو قتل کر کے دبئی فرار ہو گیا تھا، ملزم محمد فاروق نے 2023ء میں لالہ موسیٰ پولیس سٹیشن کی حدود میں شہری کو موت کے گھاٹ اتارا، سپیشل آپریشن سیل کی ٹیم ڈی ایس پی اسد محمود چیمہ کی قیادت میں دونوں اشتہاریوں اور بازیاب بچی کو لے کر پاکستان پہنچ گئی۔
ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ رواں برس بیرون ممالک سے گرفتار اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 37 ہو گئی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خطرناک اشتہاریوں کو گرفتار کرنے پر آر پی او گوجرانوالہ طیب حفیظ چیمہ اور پولیس ٹیم کو شاباش دی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانونی کارروائی جلد مکمل کرتے ہوئے ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے، سنگین مقدمات میں مطلوب دیگر اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن کو مزید تیز کیا جائے۔