جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مین رن وے کی دوبارہ تعمیر کے معاہدے پر دستخط

Published On 06 June,2024 06:04 pm

کراچی: (دنیا نیوز) جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مین رن وے کی دوبارہ تعمیر کے کنٹریکٹ پر دستخط کی تقریب ہوئی۔

کنٹریکٹ پر دستخط کی تقریب سول ایویشن ہیڈکواٹرز میں ہوئی، معاہدے پر سی اے اے کے ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور عمر جان اینڈ کمپنی کے ڈائریکٹر نے دستخط کئے، مین رن وے کی دوبارہ تعمیر کے منصوبے پر عید کے بعد کام شروع ہوجائے گا۔

مین رن وے 07/25R کی دوبارہ تعمیر سے ایئر سائیڈ انفراسٹرکچر میں بہتری آئے گی، دوبارہ تعمیر کے بعد کیٹیگری فورF (بشمول A380) تک کے وائیڈ باڈی جہاز رن وے استعمال کر سکیں گے، بہترایئر سائیڈ انفراسٹرکچر بڑھتے ہوئے مسافروں اور فلائیٹس کے دباؤ سے نمٹنے میں مدد گار ثابت ہوگا۔

رن وے اپ گریڈیشن جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو مستقبل میں ملکی اور بین الاقوامی دونوں ایئرلائنز کے لئے پرکشش بناتا ہے، دوبارہ تعمیر ہونے والا مین رن وے جدید ترین سینٹر لائن لائٹس اور کیٹ ون ایئر فیلڈ لائٹنگ سسٹم سے لیس ہوگا۔

جدید کیٹ ون ایئر فیلڈ لائٹنگ سسٹم کا کنٹرول اور مانیٹرنگ کا نظام کنٹرول ٹاور میں نصب کیا جائے گا، اپ گریڈیشن سے رن وے ایک ہزار فٹ بڑھ کر 11500 فٹ لمبا ہوجائے گا، اپ گریڈیشن میں رن وے کے دونوں سروں پر ٹیکسی ویز اور  اووررنز  کی تعمیر نو بھی شامل ہے۔

رن وے 07L کے اختتام کے قریب چار ٹیکسی لنکس کو بھی سفالٹک اوورلے کے ذریعے دوبارہ تعمیر کیا جائے گا۔