وکیل کا پارسل لندن تک پہنچانے میں ناکامی پاکستان پوسٹ کو مہنگی پڑگئی

Published On 04 June,2024 07:41 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وکیل کا پارسل لندن تک پہنچانے میں ناکامی پاکستان پوسٹ کو مہنگی پڑگئی، عدالت نے پاکستان پوسٹ کے خلاف فیصلہ سنا دیا۔

کنزیومرکورٹ ڈسٹرکٹ ایسٹ نے پاکستان پوسٹ پر 12 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کر دیا، پاکستان پوسٹ کے خلاف بیرسٹر اہرار جاوید بھٹو نے رجوع کیا تھا۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ مجھے گزشتہ سال لندن میں لنکن ان میں اپنی گریجویشن میں شرکت کرنا تھی، پاکستان پوسٹ کے ذریعے فروری میں ضروری دستاویزات لندن بھجوائی تھیں، تقریب میں شرکت کے لیے یہ دستاویزات وہاں پہنچنا لازمی تھیں۔

اہرارجاوید بھٹو کے مطابق پاکستان پوسٹ کی یقین دہانی پر میں نے ریٹرن ٹکٹس بھی بک کروائے، تاہم پاکستان پوسٹ مقررہ وقت پر دستاویزات نہیں پہنچا پایا، پاکستان پوسٹ کے خلاف کیس کیا مگر اُن کی طرف سے مجھ پر کوئی جرح نہیں کی گئی۔

درخواست گزار کے مطابق پاکستان پوسٹ کےخلاف 2 لاکھ 46 ہزارٹکٹس ، 10 لاکھ روپے جرمانہ اور 60 ہزار کیس کے اخراجات کا دعویٰ کیا، عدالت نے تمام دلائل کی روشنی میں پاکستان پوسٹ کے خلاف فیصلہ سنا دیا۔