لاہور: (دنیا نیوز) رواں ہفتے مہنگائی کی شرح میں صفر اعشاریہ 45 فیصد کا مزید اضافہ ہوگیا۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ملک میں سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 21 اعشاریہ 69 فیصد پر پہنچ گئی، ایک ہفتے کے دوران 19 اشیاء مہنگی جبکہ 14 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ رواں ہفتے کے دوران پیاز کی فی کلو قیمت 33 روپے 39 پیسے بڑھی، ٹماٹر 10 روپے 6 پیسے فی کلو اور کیلے 7 روپے 26 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کے دوران آلو کی فی کلو قیمت 2 روپے 36 پیسے بڑھ گئی، چکن 5 روپے 91 پیسے فی کلو مہنگا ہوا جبکہ گڑ، ایل پی جی، سگریٹ اور دال ماش بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہے۔
ادارہ شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران انڈے 2 روپے 27 پیسے فی درجن سستے ہوئے جبکہ چاول، خشک دودھ، چینی اور دال مونگ بھی سستی ہوئی۔