لاہور:(دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب نے ملاوٹ ، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے خلاف پنجاب انفورسمنٹ اتھارٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
پنجاب حکومت کے ذرائع کے مطابق پنجاب کے عوام کو ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اور ملاوٹ سے بچانے کے لئے وزیراعلی مریم نوازشریف نے بڑا اقدام اٹھا یا ہے، پنجاب انفورسمنٹ اتھارٹی بنانے کا مقصد شہریوں کو سرکاری نرخوں پر اشیا کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اتھارٹی کھانے پینے کی اشیا کا معیار بھی چیک کرے گی، ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کی بھی نگرانی کرے گی، پنجاب انفورسمنٹ اتھارٹی صوبے بھر میں ملاوٹ کے خاتمے کے لئے چھاپے مارے گی اور اسے جرمانوں کا بھی اختیار ہوگا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اتھارٹی اشیا کے معیار اور ان کی تیاری میں حفظان صحت کے اصولوں کے حوالے سے اقدامات کرے گی، صوبے میں قانون کی عمل داری یقینی بنانا بھی پنجاب انفورسمنٹ اتھارٹی کی ذمہ دار ہوگی، پنجاب انفورسمنٹ اتھارٹی ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے لئے انتظامیہ سے مل کر اقدامات کرے گی۔