ریونیو موبلائزیشن، انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ پروگرام کی پہلی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس

Published On 19 July,2024 11:37 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کے زیر صدارت ایف سی ڈی او کی مالی اعانت سے چلنے والے ریونیو موبلائزیشن، انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ (ریمٹ) پروگرام کی پہلی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی، اجلاس میں پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر جہانزیب خان اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی وزیر نے پروگرام کے ذریعے محصولات کو متحرک کرنے، سرمایہ کاری کے ماحول، میکرو اکنامک گورننس اور تجارت، جینڈر اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں کئے گئے کام کا جائزہ لیتے ہوئے مجموعی پیشرفت کی تعریف کی اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ عملدرآمد کے لئے زیادہ فعال رہیں۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت پاکستان کی معاشی بحالی کو یقینی بنانے کے لئے مختصر، درمیانی اور طویل مدتی اقدامات کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جامع اقتصادی نمو پر حکومت کی توجہ کارکردگی اور عملدرآمد مرکوز کرتے ہوئے ترقیاتی شراکت داروں کی حمایت سے حاصل ہو سکتی ہے۔

وفاقی وزیر نے فراہم کی گئی تکنیکی معاونت کی بھی تعریف کی اور پائیدار نتائج کے لئے عملدرآمد کی رفتار کو تیز کرنے پر زور دیا۔

اس موقع پر جین میریٹ نے پروگرام کے تحت اقدامات میں دلچسپی اور پاکستان کو آگے لے جانے کے لئے اصلاحات کے عزم کو سراہا، انہوں نے اعلیٰ ترجیحی شعبوں میں حکومت کو ایف سی ڈی او کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔