بجلی صارفین کیلئے' نیپرا آسان اپروچ ایپ 'لانچ کرنے کا فیصلہ

Published On 30 July,2024 02:21 pm

اسلام آباد : (ذیشان یوسفزئی) بجلی کی خرابی اور اس کی شکایات اب موبائل فون سے حل ہوں گی، نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے صارفین کے لیے 'نیپرا آسان اپروچ' کے نام سے ایک موبائل ایپلی کیشن لانچ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ایپ صارفین کو کم سے کم اور ممکنہ وقت میں بجلی کے مسائل حل کرنے میں مدد دے گی، بجلی کی بندش ہو یا وولٹج میں اتار چڑھاؤ ،برقی آگ لگ جائے یا لائن میں خرابی ہو ،صارفین نیپرا آسان اپروچ کے ذریعے شکایات کا اندراج کرا سکیں گے۔

بجلی کے بلوں میں غلطی یا اوور بلنگ کی شکایات بھی صارفین اپنے موبائل سے درج کروا سکیں گے، اس ایپلی کیشن کا آغاز کل 31 جولائی 2024 کو دوپہر 01:30 بجے کیا جائے گا۔

ترجمان نیپرا کے مطابق یہ ایپلی کیشن پاکستان بھر میں بجلی کے صارفین کو ملٹی چینل سروس ڈیلیوری فراہم کرے گی اور یہ ملک بھر کے صارفین کے مسائل کو حل کرنے میں نیپرا کی حکمت عملی میں ایک کلیدی عنصر کے طور پر بھی کام کرے گی۔

اپنے کنزیومر فرینڈلی انٹرفیس کے ذریعے نیپرا آسان اپروچ  ایپ شکایات جمع کرانے کے عمل کو آسان بنائے گی اور صارفین کو اپنے مسائل کی رئیل ٹائم میں پیش رفت کو ٹریک کرنے کی اجازت بھی ہو گی جس سے شکایات درج کرنے کی کارکردگی اور آسانی میں اضافہ ہوگا۔