کراچی: (دنیا نیوز) سٹیٹ بینک آف پاکستان کے زیر اہتمام ’ نباف‘ پاکستان کی افتتاحی تقریب ہوئی۔
سٹیٹ بینک کے مطابق قومی ادارہ برائے بینکاری و مالیات (نباف) اور ادارہ بینکارانِ پاکستان (آئی بی پی) کے انضمام سے ’نباف‘ پاکستان وجود میں آیا،’نباف‘اور آئی بی پی کی خوبیوں کے امتزاج سے نمو اور اختراع کے لیے ایک مضبوط اور متنوع ادارہ تشکیل پائے گا۔
نباف پاکستان بینکاری اور مالیات میں تعلیم اور تربیت فراہم کرنے والا ادارہ ہوگا، تقریب سے خطاب میں گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے بینکاری اور مالی تربیت کا منظرنامہ بدلنے کے لیے سٹریٹجک سوچ اپنانے پر زور دیا۔
جمیل احمد نے کہا کہ مالی شعبے کے لیے مہارتوں کا فروغ اور بلند معیارات کا تعین لازمی ہے، نباف پاکستان تربیتی پروگراموں، سرٹیفکیشن، اہلیتوں اور جائزے کی خدمات کی ایک وسیع رینج پیش کرے گا۔
گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ ’نباف‘ پاکستان میں جدت پر توجہ دی جائے گی اور اسے عالمی معیارات سے ہم آہنگ کیا جائے گا، یہ انضمام پیشہ ورانہ ترقی، بہترین روایات کے فروغ اور اقتصادی ترقی کی معاونت کے قومی اہداف سے ہم آہنگ ہے۔
جمیل احمد کا مزید کہنا تھا کہ بینک اور مالی ادارے نباف پاکستان کے ساتھ اشتراک کریں، مضبوط مالی شعبے کی تعمیر کے لیے اس کے وسائل سے فائدہ اٹھائیں۔