لاہور:(دنیا نیوز) سوئی ناردرن گیس کمپنی چوروں سے کروڑوں روپے کی ریکوری کرنے میں ناکام رہی ہے۔
محکمہ کے ذرائع کے مطابق سوئی گیس کمپنی کی طرف سے چوروں سے ریکوری کی بجائے ریبیٹ کے نام پر شہریوں سے اضافی وصولیوں کا سلسلہ جاری ہے ، جنرل مینجر بلنگ کی غفلت کی وجہ سے 28 گیس چوروں کی نشاندہی کے باوجود ریکوری نہ کی جا سکی ۔
بلنگ سیکشن کی کمزور منیجمنٹ کی وجہ سے 28 کروڑ 68 لاکھ کی ریکوری تاخیر کا شکار ہے، گیس چور گھریلو کنکشن پر گیس کا کمرشل استعمال کر رہے تھے، آڈٹ رپورٹ نے بھانڈا پھوڑ دیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گیس چور جعلی میٹر، ٹمپرنگ اور براہ راست پائپ لائن سے گیس استعمال کر رہے تھے، ریجنل تشخیصی ٹیم نے 28 گیس چوروں کی درخواستیں مسترد کر کے ریکوری کی ہدایت کی تھی، بلنگ سیکشن گیس چوروں سے رقم کی ریکوری میں ناکام رہا ہے۔
آڈٹ رپورٹ میں لکھا گیا کہ گیس چوری کی رقم کی ریکوری نہ ہونا معمول بن گیا، گزشتہ برسوں میں بھی کروڑوں روپے کی ریکوری نہ کی جا سکی، سوئی گیس کے بلنگ سیکشن نے سال 2020،2021،2022 اور 2023 میں بھی اربوں روپے کی ریکوری نہ کی۔
رپورٹ میں افسروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ریکوری کے کیسز گیس ریکوری کورٹ ملتان میں زیر سماعت ہیں، ڈیپارٹمنٹل اکاؤنٹس کمیٹی کیسز کی بھر پور طریقے سے پیروی کر کے ریکوری یقینی بنائی جائے۔