آئی ایم ایف کیساتھ نئے قرض معاہدے پر 5 فیصد سے زائد شرح سود عائد ہوگا: وزارت خزانہ

Published On 22 August,2024 05:14 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ نئے قرض معاہدے پر تقریبا 5 فیصد سے زائد شرح سود عائد ہو گا۔

وزارت خزانہ کی دستاویز کے مطابق گزشتہ سٹینڈ بائی ارینجمنٹ قرض معاہدے پر شرح سود 5.09 فیصد عائد تھا، وزارت خزانہ نے آئی ایم ایف کے مجموعی طور پر 6.39 ارب ڈالر ادا کرنے ہیں۔

دستاویز میں یہ بھی بتایا گیا کہ 2008 میں ہونے والے آئی ایم ایف کیساتھ قرض معاہدے پر شرح سود 1.58 فیصد عائد تھا،2010 میں ایمرجنسی نیچرل ڈیزاسٹر کیلئے فراہم کی گئی رقم پر 1.52 فیصد شرح سود عائد کیا گیا۔

وزارت خزانہ کی دستاویز میں لکھا گیا کہ 2013 سے 2016 کے درمیان ایکسٹنڈڈ فنڈ فیسلیٹی قرض پروگرام پر 2.40 فیصد شرح سود تھا، 2019 سے 2023 تک ایکسٹنڈڈ فنڈ فیسلیٹی قرض پروگرام پر 3.41 فیصد شرح سود تھا۔