نیویارک: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی ہے۔
نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف سے آئی ایم ایف کی ایم ڈی کرسٹالینا جارجیوا کی ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں نے معاشی استحکام اور ترقی کو فروغ دینے کیلئے حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
وزیر اعظم نے ملاقات کے دوران پاکستان کو 7 ارب ڈالر قرضے کی منظوری کے لئے آئی ایم ایف کے تعاون کو سراہتے ہوئے ادارہ جاتی اصلاحات کے نفاذ اور نجی شعبے کی ترقی کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی تکنیکی معاونت اور صلاحیت سازی کے پروگراموں کی بھی تعریف کی۔
آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے اپنے ادارے کی جانب سے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتے ہوئے میکرو اکنامک استحکام کو برقرار اور جامع اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کیلئے موافق مالی اعانت کو متحرک کرنے کی فوری ضرورت پر تبادلہ خیال کیا جس پر وزیراعظم نے اکتوبر میں ہونے والے سالانہ اجلاسوں کے دوران وزیر خزانہ کو آئی ایم ایف کی سینئر انتظامیہ کے ساتھ اس اہم مسئلے کو اٹھانے پر اتفاق کیا۔