پی ٹی آئی احتجاج، 24 تا 26 نومبر ٹول ریونیو کی مد میں 15 کروڑ کا نقصان

Published On 23 January,2025 04:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) 24 سے 26 نومبر کے دوران ٹول ریونیو کا 15 کروڑ 15 لاکھ روپے کا نقصان ہوا، وزارت مواصلات نے قومی اسمبلی کے وقفہ سوالات میں تحریری جواب پیش کر دیا۔

تحریری جواب کے مطابق تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر ایم ٹو، ایم تھری اور ایم فور کو 24 سے 26 نومبر کو بند کیا گیا، موٹرویز کو امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر بند کیا گیا تھا۔

جواب میں بتایا گیا کہ 24 سے 26 نومبر کے دوران ٹول ریونیو کا 15 کروڑ 15 لاکھ روپے کا نقصان ہوا، گزشتہ ہفتے کے دوران تین موٹرویز پر ٹول ریونیو 35 کروڑ 36 لاکھ روپے حاصل ہوا۔

تحریری جواب میں کہا گیا کہ مصدقہ اطلاعات تھیں کہ مشتعل مظاہرین امن و امان کی صورتحال خراب کرنے اور املاک کو نقصان پہنچانے کا منصوبہ بنا چکے ہیں، انٹیلی جنس اطلاعات تھیں کہ مظاہرین ڈنڈوں اور غلیلوں سے لیس ہو کر آ رہے ہیں۔

وزارت مواصلات کی جانب سے تحریری جواب میں کہا گیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند کیا گیا، موٹرویز بند کرنے سے متعلق اطلاع عام کا نوٹس بھی جاری کیا گیا تھا۔