اسلام آباد: (مریم الہٰی) پاکستان کا قومی ادارہ پاکستان پوسٹ شدید مالی مشکلات کا شکار ہے، پانج سالوں کے دوران قومی ڈاک کے اخراجات آمدن سے نوے فیصد بڑھ گئے ہیں۔
دنیا نیوز کو دستیاب دستاویزات کے مطابق پاکستان پوسٹ کا پانچ سالوں میں پچاس ارب سے زائد خسارے کا شکار رہا، پچھلے 5 سال کی آمدن 62 ارب 29 کروڑ رہی ہے جبکہ قومی محکمہ ڈاک کے اخراجات 112 ارب 64 کروڑ 44 لاکھ سے زائد رہے ہیں۔
دستاویزات کے مطابق مالی سال 2019 -20 میں پاکستان پوسٹ کی محصولات 15 ارب 97 کروڑ 70 لاکھ تھی اور اخراجات 26 ارب 35 کروڑ سے متجاوز تھے، مالی سال 2020-21 میں ادارے کی محصولات 15 ارب 51 کروڑ 80 لاکھ رہی۔
اس کے مقابلے میں اخراجات 27 ارب 74 کروڑ سے زائد رہے۔ اسی طرح مالی سال 2021-22 میں پاکستان پوسٹ کی ریونیو 14 ارب 43 کروڑ 30 لاکھ تھی اور اس کے ایکسپنڈیچر 17 ارب 9 کروڑ 80 لاکھ سے زائد رہے۔
مالی سال 2022-23 میں پاکستان پوسٹ کو 7 ارب 10 کروڑ سے زائد کی محصولات ہوئیں تاہم اخراجات 18 ارب 69 کروڑ سے تجاوز کر گئے، سال 2023-24 میں پاکستان پوسٹ نے آمدن میں تقریبا 9 ارب 25 کروڑ کمائے جس کے مقابلے میں اخراجات 22 ارب 75 کروڑ سے زائد رہے۔