لاہور کے عجائب گھر کو بین الاقوامی معیار کا میوزیم بنانے کا فیصلہ

Published On 23 January,2025 04:40 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کا پنجاب اور تحریک پاکستان کی تاریخ محفوظ بنانے کے لئے تاریخی قدم اٹھا لیا، لاہور میں 131 سال قدیم عجائب گھر کو بین الاقوامی معیار کا میوزیم بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا لاہور میوزیم کا دورہ کیا، مریم اورنگزیب نے آرٹ گیلریز، سکیورٹی آفس، ٹکٹ گھر کیفے ٹیریا اور مختلف حصوں کا جائزہ لیا۔

قدیم ورثہ اور عمارتوں کے تحفظ کے عالمی ادارے یونیسکو کا پنجاب حکومت سے تعاون پر اتفاق، ورکنگ پلان تیار، عملدرآمد کا فوری آغاز ہوگا، یونیسکو لاہور عجائب گھر کو جدید ٹیکنالوجی اور عالمی معیار کے مطابق بنائے گا، 240 ملین روپے مختص کر دیئے۔

پلان میں معاونت کے لیے کامران لاشاری، رضا علی، نیر دادا سمیت شعبہ کے دیگر ممتاز ماہرین کی معاونت حاصل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی، سیکرٹری سیاحت بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔

سینئر صوبائی وزیر نے یونیسکو پلان کی سمری کابینہ کو ارسال کرنے کی ہدایت کر دی، انہوں نے میوزیم میں آنے والوں کی سہولت کے لئے مرکز مہمان داری قائم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

مریم اورنگزیب نے گندھارا اور خطاطی پر عالمی کانفرنسیں منعقد کرانے کے لئے پلان بھی طلب کر لیا، تاریخی نوادرات اور فن پاروں کو محفوظ بنانے کے لئے سسٹم کو ڈیجٹلائز کیا جائے گا۔

سینئر صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ میوزیم کی عمارت میں نمی،درجہ حرات کا خیال رکھا جائے تاکہ کسی نایاب چیز کو نقصان نہ پہنچے۔

اس موقع پر اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ 1894 میں قائم عجائب گھر میں لاہورکی ایک ہزار سال پرانی تاریخ محفوظ ہے۔