تعمیراتی شعبہ کے لیے حکومتی ریلیف کی تجاویز تیار، ایف بی آر کو ارسال

Published On 06 February,2025 01:03 pm

اسلام آباد: (مدثر علی رانا) تعمیراتی شعبہ کے لیے حکومت کی جانب سے ریلیف کی تجاویز تیار کرلی گئیں جو فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر ) کو بھی ارسال کر دی گئیں۔

ذرائع کے مطابق تعمیراتی شعبہ کی بحالی کیلئے ٹاسک فورس نے تجاویز کوحتمی شکل دے دی۔

ٹاسک فورس کی جانب سے تیار کی گئی دستاویز میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف تعمیراتی شعبہ کی بحالی سے روزگار میں اضافہ چاہتے ہیں، نان فائلرز کو ایک کروڑ مالیت کی جائیداد خریدنے کی اجازت ہو گی، پراپرٹی فروخت کرنے میں 236سی میں ٹیکس کی شرح کم کرنے کی تجویز ہے۔

دستاویز کے مطابق پراپرٹی فروخت میں 236 سی کے تحت ٹیکس 3 سے کم کرکے 1.5 فیصد کرنے جبکہ پراپرٹی خریدنے پر شق 236 کے میں عائد ٹیکس 3 سے کم کر کے 0.5 فیصد کرنے کی تجویز ہے۔

ٹاسک فورس کی دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ پراپرٹی کے لین دین میں مجموعی طور پر 11 سے 14 فیصد ٹیکسز عائد ہیں، پراپرٹی کے لین دین مجموعی طور پر ٹیکسز 4 سے 4.5 فیصد تک کرنے کی تجویز ہے۔

دستاویز میں مزید کہا گیا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کیلئے پراپرٹی کی خریداری میں آسانیاں پیدا کی جائیں گی، سمندر پار پاکستانیوں کو سہولت کیلئے نادرا سے آن لائن رجسٹرڈ ہونے کی سہولت دی جائے گی، فائلرز کیلئے 5 کروڑ کی پراپرٹی کو ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں شامل کرنے کی سہولت دی جائے گی۔