اسلام آباد:(دنیا نیوز) ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی ریکارڈ ہوئی، سالانہ بنیادوں پر مہنگائی بڑھنے کی شرح 0.98 فیصد کی سطح پر آگئی۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.04 فیصد کی کمی ریکارڈ ہوئی ،اسی دوران 13 اشیا مہنگی، 15 سستی 23 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے میں کیلے فی درجن 12 روپے 96 پیسے جبکہ چکن فی کلو 15 روپے 45 پیسے مہنگا ہوا اور انڈے فی درجن 5 روپے 85 پیسے مہنگے ہو گئے۔
اسی طرح لہسن کی فی کلو قیمت میں 9 روپے 77 پیسے کا اضافہ، چینی فی کلو 1 روپے 16 پیسے مزید مہنگی ہوئی، مٹن، بیف، دودھ، دہی اور دال ماش کی قیمتیں بھی بڑھیں۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ہفتہ وار بنیادوں پر ٹماٹر فی کلو 5 روپے 42 پیسے ،پیاز فی کلو 3 روپے 63 پیسے، 190 گرام چائے کا پیکٹ 24 روپے 26 پیسے سستا ہوا۔
علاوہ ازیں ایک ہفتے کے دوران دال چنا کی قیمت میں 6 روپے 48 پیسے کمی ہوئی، ایل پی جی، آٹا، گڑ، جلانے کی لکڑی بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل جبکہ بریڈ، سگریٹ، ماچس، کپڑوں سمیت23 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔