اسلام آباد:(دنیا نیوز) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں مختلف سمریوں کی منظوری دے دی گئی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزارت تجارت کی امپورٹ پالیسی آرڈر 2022 سے متعلق سمری کی منظوری دی گئی۔
ای سی سی اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں پاکستان کی نئے ڈویلپمنٹ بینک کی ممبر شپ کی منظوری دی گئی جبکہ این ڈی بی میں 5 ہزار 882 کیپٹل شیئرز کی خریداری کی توثیق دی گئی۔
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ وزارت پٹرولیم کی سنگاپور میں جوائنٹ ٹریڈنگ کمپنی کے حوالے سے سمری، 133 پی ایس ڈی پی سکیموں کیلئے 19.15 ارب روپے کے فنڈز، وزارت ہاؤسنگ کیلئے 5 ارب 36 کروڑ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔
اسی طرح اجلاس میں فاٹا میں نادرا کے سہولت سینٹرز کیلئے ایک ارب 91 کروڑ 40 لاکھ کے فنڈ، وزارت صحت کیلئے پینشنرز کو ادائیگی کی خاطر 50 کروڑ، ایوان صدر کیلئے 5 گاڑیوں کی خریداری کیلئے 8 کروڑ 40 لاکھ روپے اوربورڈ آف انویسٹمنٹ کی ڈیپ منصوبے کیلئے گرانٹس کی سمریاں بھی منظور کر لی گئیں۔