اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر مملکت خزانہ و محصولات علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لئے 2لاکھ افراد کی نشاندہی کی۔
اسلام آباد سے جاری اپنے ایک بیان میں علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ جس حالت میں پاکستانی معیشت ہمیں ملی تھی ،آج اس سے بالکل مختلف صورتحال ہے ، آئی ایم ایف کی مدد کے ساتھ پاکستان کو جامع اور پائیدار ترقی کے سفر پر ڈال دیا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی دئیے گئے اہداف کے مطابق ٹیکس وصولیوں کی شرح حاصل کی ہے ، تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں کا بوجھ کم کرنے کے لئے ٹیکس بیس کو بڑھانا پڑے گا، ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کے لئے 2لاکھ افراد کی نشاندہی کی گئی ہے۔
وزیر مملکت خزانہ و محصولات کا کہنا تھا کہ ٹیکس نیٹ سے باہر افراد کا ڈیٹا بیس ایف بی آر کو دیا جا رہا ہے اور قانونی نوٹس بھی جاری کئے گئے ہیں، تنخواہ دار طبقے پر لگے ٹیکس کا بوجھ تب تک کم نہیں ہوسکتا جب تک خسارے پر قابو نہیں پایا جاسکتا۔
آخر میں علی پرویز ملک کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کا اختیار ہے وہ اپنی ٹیم میں جو بھی ردو بدل کریں، اس پر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔