اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ تولیہ برآمدات کے فروغ کیلئے پرعزم ہیں۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت تولیہ کی صنعت کے مسائل بارے اجلاس ہوا، وزیر تجارت، اجلاس میں سیکرٹری تجارت خزانہ ڈویژن سٹیٹ بینک،ایف بی آر حکام سمیت تولیہ صنعت سے وابستہ نمائندوں نے شرکت کی، وزارت خزانہ صنعتی نمائندوں نے شعبے کی اہمیت، شراکت، اور چیلنجز بارے آگاہ کیا۔
وزارت خزانہ کے حکام نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان تولیہ برآمدات کے لحاظ سے دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہے، تولیہ صنعت پاکستان کا واحد سو فیصد برآمداتی شعبہ ہے، پاکستانی تولیہ مصنوعات 125 ممالک کو برآمد کی جاتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تولیہ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن 200 کمپنیوں کی نمائندگی کرتی ہے، پاکستان کی معیشت میں صنعت کا 1.77 بلین ڈالر کا حصہ ہے، امریکہ 33.44 فیصد، یورپ 30.15 فیصد کے ساتھ سب سے بڑی مارکیٹس ہیں، پاکستان کی تولیہ صنعت سے 2.8 ملین لوگ وابستہ ہیں۔
وزارت خزانہ نے تولیہ صنعت کا شفاف،مسابقتی ٹیکس پالیسی کا مطالبہ کیا ہے جبکہ طویل مدتی پالیسی استحکام کی ضرورت پر زور ہے۔
دوسری جانب وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے تولیہ صنعت کی حمایت کے لیے حکومتی عزم کا اظہار کیا اور تولیہ صنعت کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی ۔
انہوں نے برآمدات کے فروغ ، مستحکم اور کاروبار دوست ٹیکس نظام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ برآمدات کی مستحکم ترقی کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں، نجی شعبہ معاشی ترقی میں ایک اہم شراکت دار ہے، حکومتی پالیسیاں اس تعاون پر مبنی نقطہ نظر کو جاری رکھیں گی۔