حکومت ڈمپرزحادثات کے خلاف کمیشن بنائے: فاروق ستار کا مطالبہ

Published On 18 February,2025 06:07 pm

کراچی :(دنیا نیوز) مرکزی رہنما ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر فاروق ستار نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت، انتظامیہ ڈمپرز کے خلاف کارروائی کریں۔

کراچی میں سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ شہریوں سے اپیل  ہے کہ وہ انصاف کے لیے متعلقہ فورمز سے رابطہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والوں کی بھی ذمے داری ہے کہ دن میں ڈمپرز اور کنٹینرز کے سبب جہاں حادثات ہو رہے ہوں وہاں فوری کارروائی ہو اور متاثرین اور لواحقین کو انصاف ملنا چاہیے، ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔

ڈاکٹر فاروق ستار کا اس حوالے سے ایک کمیشن بنائے جانے کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ حادثات لسانی نہیں اور نہ ہی انہیں لسانی معاملہ بننا چاہیے جبکہ تشدد اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعات مناسب نہیں ہیں۔

شرجیل میمن
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کراچی میں ٹریفک حادثات اور ان کے نتیجے میں قیمتی جانیں ضائع ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ ایسے حادثات کو لسانی یا سیاسی رنگ نہ دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کی ملاقات کے بعد یہ واضح پیغام جائے گا کہ ہم سب ایک ہیں اور پاکستانی ہیں، آج تمام سیاسی جماعتوں کا تفصیلی اجلاس ہوا جس میں ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

سنیئر صوبائی وزیر نے کہا کہ حادثات نہیں ہونے چاہیئں اور اگر کوئی حادثہ ہوتا بھی ہے تو اسے لسانی، سیاسی یا کسی اور قسم کا رنگ نہیں دیا جائے گا جس پر اس شہر کے تمام اسٹیک ہولڈر نے اتفاق کیا ہے۔

ان کا  مزید کہنا تھا کہ ہم مسائل کو حل کرنا چاہتے ہیں اور کراچی کا امن وامان برقرار رکھنے کے لیے کوشاں ہیں جب کہ گزشتہ روز حادثے کے ذمے دار ٹینکر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور جلاؤ گھیراؤ کرنے والے 15 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔