کے الیکٹرک کا رینیوایبل انرجی پر انحصار کم، صارفین مہنگی بجلی خریدنے پر مجبور

Published On 21 February,2025 12:31 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کے الیکٹرک کے رینیوایبل انرجی پر کم انحصار کے باعث صارفین مہنگی بجلی خریدنے پر مجبور ہیں۔

پاور ڈویژن کی دستاویز کے مطابق کے الیکٹرک قومی گرڈ پر زیادہ انحصار کر رہا ہے جبکہ کمپنی نے رینیوایبل ذرائع پس پشت ڈال دیئے ہیں، کے الیکٹرک نے نومبر میں صرف ایک فیصد رینیوایبل انرجی بھیجی، اس ایک فیصد میں نیٹ میٹر صارفین سے خریدی گئی بجلی بھی شامل ہے۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ کے الیکٹرک سب سے زیادہ انحصار نیشنل گرڈ پر کررہا ہے، کے الیکٹرک نے نیشنل گرڈ سے 67 فیصد سستی بجلی خریدی، کے الیکٹرک نے مہنگی آر ایل این جی سے 25 فیصد بجلی پیدا کی، کے الیکٹرک نے مقامی قدرتی گیس سے صرف چار فیصد بجلی پیدا کی۔

دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ کے الیکٹرک نے کوئلے سے صرف دو فیصد بجلی پیدا کی، کے الیکٹرک نے ریفرنس کے مطابق سی پی پی اے سے 52 فیصد بجلی خریدنی تھی۔

دوسری جانب کے الیکٹرک ترجمان نے صورتحال پر رد عمل دینے سے انکار کرتے ہوئے رابطہ کرنے پر خاموشی اختیار کرلی۔