پشاور ہائیکورٹ نے گیس ٹیرف میں اضافے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا

Published On 03 March,2025 08:56 pm

پشاور:(دنیا نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے گیس ٹیرف میں اضافے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔

صنعتی صارفین کے لیے گیس ٹیرف میں اضافے کے خلاف درخواست پر جسٹس وقار احمد اور جسٹس ثابت اللہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔

درخواست گزار کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ اوگرا نے 26 جنوری 2025 کو گیس کی قیمت 3000 سے بڑھا کر 3500 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کر دی، اوگرا نے صنعتی صارفین کے لیے 1772 روپے کا ریٹ تجویز کیا، لیکن وفاق نے قیمت بڑھا دی۔

وکیل کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی صنعتوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے، اضافی نرخوں کی وجہ سے خیبرپختونخوا کی صنعتیں تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہیں، آئین کے آرٹیکل 158 کے تحت خیبرپختونخوا کو بھی دوسرے صوبوں کے برابر گیس ملنی چاہیے، نومبر میں بھی پشاور ہائیکورٹ نے اسی نوعیت کا اضافہ معطل کیا تھا۔

وکیل درخواست گزار کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے صنعتی صارفین کو پرانے نرخوں پر ادائیگی کا حکم دیتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کر لیا۔