ملائیشیا کی ایئر لائن کا پاکستان کیلئے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان

Published On 14 March,2025 01:19 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کے ایوی ایشن شعبے کے لئے اچھی خبر سامنے آگئی، ملائیشیا کی ایک اور نئی ایئرلائن نے پاکستان کے لئے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئرایشیا کو فلائٹ آپریشن کی اجازت دے دی، ایئر ایشیا 30 مئی سے کراچی کے لئے پروازیں شروع کررہی ہے، ابتدائی طورایئر ایشیا کی ہفتہ وار چار پروازیں کراچی کوالالمپور کے درمیان چلائی جائیں گی۔

ایئر ایشیا ایئر لائن کی بین الاقوامی نیٹ ورک توسیع میں ایک نیا سنگ میل ہے، نئی غیر ملکی ایئر لائن کے آنے سے پاکستان میں نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی، ایئرلائن مجموعی طور پر 22 روٹس پر پروازیں چلارہی ہے، کراچی کو براہ راست سروس فراہم کرنے والے ملائیشیا کی واحد کم لاگت والی ایئرلائن ہے۔

ایوی ایشن ماہرین کا کہنا ہے کہ نیاروٹ دونوں ممالک کے درمیان سستے رابطے کو بڑھائے گا، ملائیشیا کے مسافروں اور ملائیشیا میں ترقی پذیر پاکستانی کمیونٹی کو سستی پرواز ملے گی۔