اسلام آباد: (مدثر علی رانا) آئندہ وفاقی بجٹ میں تنخواہوں میں اضافے کیلئے 4 تجاویز تیار کر لی گئیں، گریڈ 1 سے 16 تک ملازمین کیلئے 30 فیصد ڈسپیرٹی الاؤنس کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق مہنگائی کے تناسب سے بجٹ میں تنخواہ اور پنشن میں 10 فیصد اضافے کی تجویز زیر غور ہے، گزشتہ دو ایڈہاک میں سے 1 ایڈہاک اضافے کو تنخواہوں میں ضم کرنے کی بھی تجویز ہے جبکہ گریڈ 1 سے 16 تک ڈسپیرٹی الاؤنس، گریڈ 17 سے 22 تک 15 فیصد اضافے کی تجویز ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ آرمڈ فورسز کو کنٹری بیوٹری پنشن سکیم سے مستثنی رکھنے کی بھی تجویز ہے، حکومت کو اتحادیوں نے بھی تنخواہوں میں اضافے کا مشورہ دیا ہے، تنخواہوں میں اضافہ کیلئے حتمی فیصلہ بجٹ سے قبل کابینہ اجلاس میں کیا جائے گا۔