اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گزشتہ ماہ کے دوران ترسیلات زر میں اضافے پر اظہار اطمینان کیا ہے۔
سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال ترسیلات زر کی مد میں 34.9 ارب امریکی ڈالرز موصول ہوئے جو کہ پچھلے مالی سال کے مقابلے 28.8 فیصد زائد ہیں۔
مئی 2025 کے دوران ترسیلات زر میں 3.7 ارب امریکی ڈالرز موصول ہوئے جو گزشتہ سال مئی کے مقابلے میں 13.7 فیصد زیادہ ہیں، ترسیلات زر میں اضافہ حکومت پاکستان کی معاشی پالیسیوں پر سمندر پار پاکستانیوں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا ثبوت ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کے معاشی اقدامات اور اگلے مالی سال کے لئے عوام دوست بجٹ ملک کے روشن مستقبل کی نوید ہیں، حکومتی معاشی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔