جام کمال سے چینی سفیر کی ملاقات، اقتصادی تعاون مزید مستحکم بنانے پر اتفاق

Published On 17 June,2025 01:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر تجارت جام کمال سے پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ نے ملاقات کی جس میں پاک چین اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں چینی وفد میں اعلیٰ سطحی سفارتی و تجارتی حکام بھی شامل تھے، چینی سفیر نے پاکستان کی معاشی بحالی اور اصلاحاتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور وزیرِاعظم کی معاشی قیادت کو سراہا۔

ملاقات میں باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور ابھرتے شعبوں میں تعاون پر گفتگو کی گئی، دونوں ممالک نے پائیدار تجارتی تعاون کو فروغ دینے، اقتصادی انضمام اور اشیاء و خدمات کے تبادلے پر زور دیا، فریقین نے قریبی روابط جاری رکھنے اور نئے معاشی مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔