ایس آئی ایف سی کے دو سال: زراعت، لائیوسٹاک اور بلیو اکانومی میں انقلابی پیشرفت

Published On 02 July,2025 10:10 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے قیام کو دو سال مکمل ہو گئے ہیں جن میں زراعت، لائیوسٹاک اور بلیو اکانومی کے شعبوں میں انقلابی پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے۔

ایس آئی ایف سی کے تحت پبلک اور پرائیویٹ شراکت داری، سمارٹ فارمنگ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال نے زرعی شعبے میں نئی توانائی بھری ہے جس سے معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔

بنجر زمینوں کو قابل کاشت بنانے، کسانوں کو براہِ راست مالی رسائی دینے اور سمارٹ فارمنگ جیسے اقدامات زرعی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوئے ہیں، نہروں کی صفائی اور پانی کی منصفانہ ترسیل کے منصوبوں نے زرعی پیداوار اور شعبے کی کارکردگی میں نمایاں بہتری پیدا کی ہے۔

لائیوسٹاک، فشریز اور بلیو اکانومی میں بھی جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ترقی کی نئی راہیں کھل رہی ہیں۔

ماہرین کے مطابق یہ کامیابیاں ایس آئی ایف سی کی مربوط پالیسیوں، شفاف حکمت عملی اور قومی ترقی کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں جو پاکستان کے زرعی شعبے کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کر رہی ہیں۔

ایس آئی ایف سی حکام کے مطابق مستقبل میں بھی ان منصوبوں کے دائرہ کار کو بڑھا کر زرعی شعبے کو ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی بنانے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے تاکہ پاکستان خوراک میں خود کفالت کی جانب تیزی سے بڑھ سکے۔