کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور نوجوان کو قتل کر دیا گیا۔
ایسٹ زون کے علاقے سچل میں دندناتے ہوئے ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر نوجوان کی جان لے لی، شہر میں جاری ڈاکو راج کے دوران رواں سال سفاک ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق شہریوں کی مجموعی تعداد 49 ہوگئی۔
پولیس نے مزید بتایا کہ واقعہ سپر ہائی وے عبداللہ شاہ غازی روڈ بلاک جی کچا پکا روڈ پر پیش آیا، متوفی کی شناخت 20 سالہ موسیٰ کے نام سے ہوئی جس کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ مقتول کے سینے پر گولی لگی تھی، پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا ہے، مقتول کے قبضے سے اس کا موبائل فون اور موٹر سائیکل بھی ملی ہے تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات کا عمل جاری ہے۔