ایس آئی ایف سی: معدنی ترقی، عالمی سرمایہ کاری اور خودکفالت کی نئی راہیں کھل گئیں

Published On 03 July,2025 12:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایس آئی ایف سی کے 2 سال مکمل ہو چکے ہیں اور اس دوران پاکستان میں معدنی ترقی، عالمی سرمایہ کاری اور خودکفالت کی نئی راہیں کھلی ہیں۔

سپیشل انویسٹمنٹ فیسلٹی کونسل (ایس آئی ایف سی) نے اپنی سہولت کاری کے 2 سال مکمل کر لیے ہیں اور ان 2 برسوں میں پاکستان کے معدنی وسائل، پالیسی اصلاحات اور صنعتی خودکفالت کی جانب مؤثر اور جامع پیشرفت دیکھی گئی ہے۔

ایس آئی ایف سی کی مربوط حکمت عملی اور سرمایہ کار دوست اقدامات کے نتیجے میں معدنی شعبے میں نئی روح پھونکی گئی ہے جو ملکی معیشت کی بحالی اور ترقی کی جانب ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔

اس دوران معدنی وسائل کے بہتر اور پائیدار استعمال کے لیے شفاف پالیسیاں متعارف کرائی گئیں جنہوں نے مقامی و عالمی سرمایہ کاری کو فروغ دیا اور خودکفالت کے ہدف کو قابلِ عمل بنا دیا، خاص طور پر ریکوڈک، سینڈک اور دیگر بڑے معدنی منصوبوں میں قابلِ ذکر پیش رفت ہوئی ہے جو پاکستان کی صنعتی خود انحصاری کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔

ان منصوبوں کو سعودی عرب، چین، امریکا اور کویت جیسے عالمی شراکت داروں کے تعاون سے مزید تقویت ملی جس نے پاکستان کے عالمی روابط کو بھی مضبوط کیا۔

ایس آئی ایف سی کے ذریعے نیشنل مائننگ فنڈ کے قیام، یکساں قوانین کی تشکیل اور جدید لائسنسنگ فریم ورک کا نفاذ عمل میں لایا گیا جس نے اس شعبے میں شفافیت اور فعالیت کو نمایاں حد تک بہتر کیا، مزید برآں مائننگ میں جدید ٹیکنالوجی، ریموٹ سینسنگ اور ڈیجیٹل رجسٹریشن کے شفاف اور مؤثر طریقے متعارف کرائے گئے جنہوں نے عالمی معیار کے مطابق اس شعبے کو ازسر نو استوار کیا۔

ایس آئی ایف سی کی 2 سالہ کارکردگی اس امر کی غماز ہے کہ پاکستان کے قدرتی وسائل کو کس طرح ایک ٹھوس، پائیدار اور خود کفیل معاشی نظام میں تبدیل کیا جا سکتا ہے، یہ سفر نہ صرف ملکی سطح پر ترقی کے دروازے کھول رہا ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کو ایک قابلِ بھروسا سرمایہ کاری مرکز کے طور پر اجاگر بھی کر رہا ہے۔

یہ پیش رفت اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر پالیسی سازی مربوط، شفاف اور طویل المدتی ہو تو پاکستان جیسے وسائل سے بھرپور ملک میں صنعتی ترقی اور معاشی خودکفالت محض خواب نہیں حقیقت بن سکتی ہے۔