سی ڈی ڈبلیو پی کا اجلاس، 19 ارب 25 کروڑ روپے کے 6 منصوبے منظور

Published On 03 July,2025 10:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں 19 ارب 25 کروڑ روپے مالیت کے 6 منصوبے منظور کر لیے گئے۔

اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق 19 ارب روپے سے زائد مالیت کے دانش سکولز کے منصوبے منظور کیے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر پلاننگ احسن اقبال نے کہا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے دانش سکولز کا جال بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان اضلاع میں دانش سکول قائم کیا جا رہا ہے جہاں تعلیمی سہولیات ناکافی ہیں، ملک میں اس وقت ڈھائی کروڑ سے زیادہ بچے سکول سے باہر ہیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جب تک خواندگی کی شرح 90 فیصد تک نہیں پہنچتی ترقی ممکن نہیں، حکومت دانش سکولز کیلئے پچاس فیصد فنڈ فراہم کر رہی ہے باقی حصہ صوبے دیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بلوچستان دانش سکول کیلئے زمین اور لاگت میں پچاس فیصد دے گا، وفاقی و صوبائی حکومتیں 50، 50 فیصد لاگت برداشت کریں گی۔

کمیشن دانش سکولز قلعہ سیف اللہ، ژوب، موسیٰ خیل، ڈیرہ بگٹی سمیت دیگر اضلاع میں قائم ہوں گے۔