پاکستان ریلویز نے ایک بار پھر کرایوں میں اضافہ کر دیا

Published On 02 July,2025 11:49 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان ریلویز نے ایک بار پھر کرایوں میں اضافہ کر دیا، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے پیش نظر پاکستان ریلویز نے میل ایکسپریس اور مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں 2 فیصد اضافہ کر دیا۔

پاکستان ریلویز کے نوٹیفکیشن کے مطابق نئے کرایوں کا اطلاق 4 جولائی 2025 سے ہو گا، جس کے بعد ملک بھر میں چلنے والی مختلف مسافر اور میل ایکسپریس ٹرینوں کے سفر پر مسافروں کو بڑھا ہوا کرایہ ادا کرنا ہو گا۔

ریلوے کرایوں کا اطلاق تمام مسافر، پسنجر ،شٹل اور سیلونز گاڑیوں پر ہو گا، 2 فیصد کرایہ بڑھنے کا اطلاق ایڈوانس بکنگ پر بھی عائد ہو گا۔

یاد رہے کہ یکم جولائی کو حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا تھا جس کے بعد پاکستان ریلویز نے کرایوں میں ترمیم کا فیصلہ کیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 18 جون کو بھی مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں 3 فیصد جب کہ مال بردار ٹرینوں کے کرایوں میں 4 فیصد اضافہ کیا گیا تھا۔