اسلام آباد: (دنیا نیوز) ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0 اعشاریہ 11 فیصد کی معمولی کمی ہو گئی۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر ہفتہ وار مہنگائی بڑھنے کی شرح منفی 1 اعشاریہ 41 فیصد ریکارڈ کی گئی، ایک ہفتے میں 15 اشیا سستی 9 کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے میں ٹماٹر فی کلو 12 روپے 33 پیسے سستے ہوئے، ایک ہفتے کے دوران آلو فی کلو 6 روپے 46 پیسے سستے ہوئے۔
گزشتہ ایک ہفتے میں پیاز کی فی کلو قیمت میں 1 روپے 52 پیسے کی کمی ہوئی، انڈے فی درجن 2 روپے 17 پیسے سستے ہوئے، کیلے، خشک دودھ، گڑ، چینی اور مٹن بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران برائلر مرغی فی کلو 42 روپے 9 پیسے مہنگی ہوئی، لہسن کی فی کلو قیمت 19 روپے 68 پیسے بڑھ گئی۔
ایک ہفتے کے دوران دال مونگ فی کلو 5 روپے 25 پیسے مہنگی ہوئی، دال چنا، کوکنگ آئل، گندم کا آٹا، ایل پی جی بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق چاول، بریڈ، بیف، نمک سمیت 27 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔