سٹاک مارکیٹ میں ایک اور تاریخ ساز دن، ایک لاکھ 38 ہزار پوائنٹس کی حد بھی عبور

Published On 17 July,2025 04:51 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں نئی تاریخ رقم ہوگئی، ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 38 ہزار پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

کاروباری ہفتے کے چوتھے روز کاروبار کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، 2200 سے زائد پوائنٹس اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 38 ہزار 597 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

بعدازاں کاروباری روز کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 2285 پوائنٹس کے اضافے کیساتھ پہلی بار ایک لاکھ 38 ہزار 665 پوائنٹس کی تاریخی حد پر بند ہوا۔

واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 440 پوائنٹس اضافے کیساتھ ایک لاکھ 36 ہزار 379 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

سٹاک مارکیٹ میں آج 26 ارب 39 کروڑ 26 لاکھ 90 ہزار 975 روپے مالیت کے 29 کروڑ 92 لاکھ 78 ہزار 059 شیئرز کا لین دین ہوا۔