اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے وزارت صنعت و پیداوار کو بیمار صنعتی یونٹس کی بحالی کا پیکج تیار کرنے کی ہدایت کر دی۔
ذرائع صنعت و پیداوار نے بتایا کہ وزارت صنعت و پیداوار بیمار صنعت، فیکٹری اور کارخانے بحال کرنے کا پلان تیار کر کے رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی، نقصان والی اور دیوالیہ صنعت کو بحالی کا موقع فراہم کرنے کیلئے تجاویز تیار ہو رہی ہیں۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ بیمار صنعتوں کے پاس اس وقت 1068 ارب روپے کے قرضے پھنسے ہوئے ہیں، 2006 سے 2024 تک بیمار صنعتوں نے قرضوں لے کر پرنسپل اماؤنٹ اور سود واپس ادا نہیں کیا، یہ نان پرفارمنگ قرضے مجموعی قرضوں کا 6 فیصد تک بنتے ہیں۔
وزارت صنعت و پیداوار کی دستاویز کے مطابق صنعت، زراعت، توانائی اور خدمات کے شعبوں میں پھنسے قرضوں کی بحالی ترجیحی اقدامات ہوں گے، بیمار صنعتوں کی بحالی کیلئے گائیڈ لائنز تیار کر کے وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی، بیمار صنعتوں کی بحالی پر ٹیکس چھوٹ آئی ایم ایف کی منظوری سے مشروط ہو گی۔
ذرائع نے بتایا کہ تمام شعبوں میں بیمار صنعتوں کی فہرست اور بحالی کے لیے تجاویز ایک ماہ میں تیار ہوں گی ، معاون خصوصی ہارون اختر بیمار صنعتوں کی فہرست اور بحالی کے لیے پیکج تیار کر کے وزیراعظم کو دیں گے۔