پاکستان سٹیل ملز کی بحالی: روس کیساتھ 30 ستمبر تک بات فائنل کرنے کا فیصلہ

Published On 31 July,2025 05:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کیلئے ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر روس کیساتھ مذاکرات، پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کیلئے 30 ستمبر تک روس کیساتھ بات فائنل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

سید حفیظ الدین کی زیرصدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی صنعت وپیداوار کے اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ 15 ستمبر تک روس کی جانب سے سٹیل ملز کی بحالی کیلئے فزیبیلٹی سٹڈی مکمل ہو جائے گی۔

سیکرٹری صنعت و پیداوار سیف انجم نے بتایا کہ فزیبیلٹی سٹڈی مکمل کرنے کیلئے روس 2.8 ملین ڈالر خرچ کرے گا، سٹیل ملز کا موجودہ بلاسٹ فرنس بحال کرنے سے 4 سو ملین ڈالر لاگت آئے گی۔

سیف انجم نے کہا کہ سٹیل ملز کا نیا ٹربائین لگایا جائے تو 1 ارب ڈالر لاگت آئے گی، پاکستان سالانہ ساڑھے 3 ارب ڈالر کی سٹیل پراڈکٹس امپورٹ کر رہا ہے، نئی سٹیل ملز لگانے کیلئے روس سے فنانسنگ حاصل کرنے کیلئے سٹڈی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نئی سٹیل ملز کیلئے حکومت فنانسنگ اور موجودہ سٹیل ملز کا میٹریل فروخت کیا جائے گا، نئی ٹیکنالوجی کی سٹیل ملز تقریباً 7 سو ایکڑ میں لگائی جا سکے گی۔

سیکرٹری صنعت و پیداوار کا کہنا تھا کہ پاکستان سٹیل ملز میں روس کی ٹیکنالوجی ہے اس لیے روس سے ہی بات کر رہے ہیں۔