پاکستان اور کرغزستان کا کرپٹو، بلاک چین میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

Published On 02 August,2025 11:22 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور کرغزستان نے کرپٹو اور بلاک چین ٹیکنالوجیز کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، اس سلسلے میں وزیر مملکت برائے کرپٹو اور بلاک چین بلال بن ثاقب اور کرغزستان کی ڈائریکٹر نیشنل انویسٹمنٹ ایجنسی فرخت امینوو کے درمیان ایک اعلیٰ سطحی ویڈیو کانفرنس ہوئی۔

ویڈیو کانفرنس میں کرپٹو کرنسی، بلاک چین اور ڈیجیٹل فنانس پر تفصیلی گفتگو کی گئی، دونوں ممالک نے کرغزستان کی نیشنل انویسٹمنٹ ایجنسی کے ذریعے معلومات، تجربات اور بہترین طریقوں کے تبادلے پر زور دیا، کرغزستان نے ڈیجیٹل اثاثوں میں جدت لانے اور ریگولیٹری ڈھانچے میں تعاون کے لیے اس شعبے میں اہمیت کا اظہار کیا۔

اس موقع پر بلال بن ثاقب نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کا ورچوئل اثاثوں کی ترقی کے لیے اسٹریٹجک نقطہ نظر میں ہم آہنگی ہے اور پاکستان کرپٹو شعبے میں باقاعدہ شراکت داری کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تجویز پیش کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ دونوں ممالک کا عزم ہے کہ وہ محفوظ، شفاف اور جدید ڈیجیٹل معیشت کے لیے دو طرفہ تعاون جاری رکھیں گے اور وسطی و جنوبی ایشیا میں بلاک چین اور ڈیجیٹل فنانس کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کریں گے۔