کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ اس کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے، پوری کوشش ہوگی کہ تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کا بوجھ مزید کم کریں۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کراچی میں جاب فیئر کا افتتاح کرنے کے بعد کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر نے ہی ملک کو لیڈ کرنا ہے، جاب فیئر سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا، میں خود پرائیویٹ سیکٹر سے آیا ہوں، پرائیویٹ سیکٹر دن میں 8 سے 12گھنٹے کام کرتا ہے، کارپوریٹ سیکٹر نہیں ہے، یہ کمی نظر آئی، جاب فیئر پر سرکاری اور نجی ادارے موجود ہیں۔
انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ عملی زندگی میں کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا، نوجوان محنت کو اپنا شعار بنائیں، اتارچڑھاؤ آتے ہیں لیکن ٹیلنٹ کو کوئی فرق نہیں پڑتا، ہمیں مستقل گروتھ کی طرف جانا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ٹیرف اصلاحات لائی گئی ہیں، سٹاک ایکسچینج روزانہ نئے ریکارڈ بنارہی ہے، سٹاک مارکیٹ میں تیزی معاشی بہتری کی علامت ہے، توانائی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے درست سمت میں گامزن ہیں۔