خیبرپختونخوا اسمبلی میں آسان کاروبار بل 2025 کل تک موخر

Published On 01 September,2025 05:58 pm

پشاور:(دنیا نیوز) خیبرپختونخوا اسمبلی میں آسان کاروبار بل 2025 کو اپوزیشن کی جانب سے اعتراض کے بعد کل تک موخر کر دیا گیا۔

سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی نے آسان کاروبار بل کل تک ڈیفر کردیا، انہوں نےصوبائی وزیر قانون کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ تیاری کرکے آیا کریں،اداروں کو متحرک کرے، آج تیاری کے ساتھ نہیں آئے اوراپوزیشن کی اعتراضات پر جواب دینے سے قاصر ہیں۔

سپیکر کا کہنا تھا کہ اس لئے بل کو کل تک ٹیبل رکھتے ہیں آج اسے موخر کرتے ہیں، اجلاس کے دوران خیبرپختونخوا اسمبلی میں خیبر پختونخوا پریس ،نیوز پیپرز ، نیوز ایجنسیز اور بکس رجسٹریشن ترمیمی بل 2025 پیش کیا گیا۔

اسمبلی میں میں خیبر پختونخوا پریس ،نیوز پیپرز ، نیوز ایجنسیز اور بکس رجسٹریشن ترمیمی بل 2025 وزیر قانون افتاب عالم نے پیش کیا جسے اکثریت رائے سے منظور کر لیا گیا۔

علاوہ ازیں صوبائی اسمبلی میں موٹر وہیکلز آرڈیننس ترمیمی بل 2025 پیش کیا گیا، بل وزیر ایکسائز خلیق الزمان نے پیش کیا۔