چین کے 2 بینکوں کی پانڈا بانڈز کے اجراء میں مکمل تعاون کی یقین دہانی

Published On 02 September,2025 10:53 am

اسلام آباد: (مدثر علی رانا) چین کے 2 بینکوں نے پانڈا بانڈز کے اجراء میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔

بینک آف چائنا اور انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک آف چائنا کی جانب سے پانڈا بانڈز کے اجراء میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

گورنر بینک آف چائنا نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو ملاقات کے دوران تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک آف چائنا کی جانب سے بھی تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے، پانڈا بانڈز کے اجرا میں بینکوں سے سپورٹ حاصل کریں گے۔

وزارات خزانہ کی دستاویز کے مطابق پہلے مرحلے میں 30 کروڑ ڈالر تک مالیت کے برابر پانڈا بانڈز کا اجراء کیا جائے گا، جبکہ مجموعی طور پر 1 ارب ڈالر پانڈا بانڈز کا اجراء 3 مراحل میں 2028 تک مکمل کیا جائے گا۔